ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بنگلورومیں 14؍ فروری سے آہنی پرندوں کی اڑان کا میلہ،ایرو انڈیا ایر شو کی تمام تیاریاں مکمل ، ایر پورٹ جانے والوں کیلئے متبادل سڑک تیار

بنگلورومیں 14؍ فروری سے آہنی پرندوں کی اڑان کا میلہ،ایرو انڈیا ایر شو کی تمام تیاریاں مکمل ، ایر پورٹ جانے والوں کیلئے متبادل سڑک تیار

Sun, 12 Feb 2017 11:13:02    S.O. News Service

بنگلورو۔11؍فروری(ایس او نیوز) شہر میں 14تا18 فروری گیارھویں ایرو انڈیا ایر شو کیلئے شہر کے شمالی علاقہ میں موجود یلہنکا ایر بیس پوری طرح تیار ہے۔ ملک اور بیرون ممالک کی نامور طیارہ ساز کمپنیاں اور سرکاری طیارے اس ایر شو میں اپنی اڑانوں اور کرتبوں کا مظاہرہ کریں گے۔ ساتھ ہی دفاعی آلات اور فضائیہ کی ضروریات کے سلسلے میں معروف کمپنیاں ایر شو کے دوران نمائش کا بھی اہتمام کریں گی ۔ ہندوستان کی 270کمپنیاں اور بیرون ممالک سے 279کمپنیاں نمائش میں حصہ لے رہی ہیں ، جس کیلئے 27مربع میٹر کا ایگزی بیشن سنٹر تیار کیا گیا ہے۔ ایر شو کے دوران فضائی کرتبوں میں 72 طیارے حصہ لیں گے۔ منتظمین کو توقع ہے کہ ایر شو کا نظارہ کرنے کیلئے دو لاکھ سے زائد لوگ اس مرتبہ شرکت کریں گے۔ 14 فروری کو وزیر اعظم نریندر مودی اس ایر شو کا افتتاح کریں گے۔ مرکزی وزیر دفاع منوہر پاریکر ، وزیر اعلیٰ سدرامیا ، مرکز ی وزیر شہری ہوا بازی اشوک گجپتی راجو ، ریاست کی نمائندگی کرنے والے مرکزی وزراء اور کابینہ کے وزراء اس ایر شو میں بطور مہمانان خصوصی مدعو کئے گئے ہیں۔ اس ایر شو میں ہندوستان کے علاوہ برطانیہ ، پولینڈ ، امریکہ ، ترکی ، تھائی لینڈ، سری لنکا، تنزانیہ ، سوئٹزر لینڈ، جنوبی افریقہ ، میانمار ، نیپال، جرمنی ، فرانس، جاپان اور اسرائیل سے 65 زیادہ نمائندے اور بیشتر ممالک سے وزرائے دفاع شرکت کررہے ہیں۔ پانچ روزہ ایر شو کے دوران بنگلور انٹرنیشنل ایرپورٹ کو آنے جانے والے مسافروں کو کسی طرح کی دشواری نہ ہونے پائے اس کیلئے ریاستی حکومت نے بنگلور انٹر نیشنل ایرپورٹ پہنچنے کیلئے ایک متبادل سڑک تیار کرالی ہے۔ کل سے ایرپورٹ پہنچنے کیلئے بلاری روڈ کی بجائے اس سڑک کا استعمال کیا جاسکتاہے۔ شہر کے مشرقی علاقوں سے آنے والے لوگ کے آر پورم، ہنور کراس، ناگوار، باگلور، میالن ہلی وغیرہ سے ہوتے ہوئے بیگور کے ذریعہ بنگلور انٹرنیشنل ایر اپورٹ کے نئے عقبی گیٹ سے داخل ہوسکتے ہیں۔اس سڑک کے استعمال کیلئے انہیں ٹول بھی ادا نہیں کرنی پڑے گی۔وزیر برائے ترقیات بنگلور کے جے جارج نے کہاکہ اس سڑک کے کھولدئے جانے سے ایرپورٹ روڈ کی موجودہ ٹریفک میں 30تا40 فیصد کمی آنے کی توقع ہے۔


Share: